صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،کیسکو

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اوراس سلسلے میں تمام علاقوں میں انتظامی، تکنیکی اور کمرشل لاسز کو مدنظررکھتے ہوئے لوڈشیڈنگ شیڈول ترتیب دیاجاتاہے جسے سات مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیاگیاہے۔انتظامی وتکنیکی اور کمرشل نقصانات کے تناسب سے ماہانہ صفرسے دس فیصد والے فیڈروں کو کیٹیگری ون جبکہ 10 سے 20فیصدنقصانا ت والے فیڈروں کو کیٹگری ٹو،ماہانہ20 سے 30 فیصد والے فیڈرزکیٹیگری تھری اور30 سے 40 فیصد لاسز کے حامل فیڈروں کو کیٹیگری فور جبکہ ماہانہ40 سے60 فیصد نقصانات والے فیڈروں کو کیٹیگری فائیو اور60 فیصدسے 80 فیصد لاسز والے فیڈروں کو کیٹیگری سکس علاوہ ازیں 80فیصدسے 100فیصدنقصانات کے حامل فیڈروں کو کیٹیگری سیون میں شامل کیاگیاہے اسی طرح دیہی و زرعی فیڈرز ایکس کیٹیگری میں شامل ہیں۔ انتظامی وتکنیکی اور کمرشل لاسز کے تناسب سے کیٹیگری ون اور کیٹیگری ٹووالے فیڈروں پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی جبکہ کیٹیگری تھری اورفوروالے 14 فیڈروں پر یومیہ 4گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔اسی طرح کیٹگری فائیو کے29فیڈروں پر یومیہ6گھنٹے لوڈشیڈنگ کیجاتی ہے۔اس کے علاوہ کیٹگری سکس کے 43 فیڈروں پر یومیہ 8گھنٹے جبکہ کیٹیگری سیون کے153فیڈروں پرمشتمل تمام ڈسٹرکٹ وتحصیل ہیڈکوارٹرز کو یومیہ 12گھنٹے مختلف اوقات کارمیں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ایکس کیٹگری والے 411زرعی و دیہی فیڈروں کو زرعی سبسڈی معاہدے کے تحت یومیہ 6گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔تاہم کیسکو کے زیر انتظام صوبہ کے تمام علاقوں میں ہفتے کے روز تمام فیدڑوں کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری رہی۔واضح رہے کہ ترقیاتی کام اور ضروری مرمت کے سلسلے میں بعض اوقات کسی فیڈرپرعارضی طورپربجلی بندکی جاتی ہے جس کیلئے کیسکو اپنے متعلقہ صارفین کواخبارات اور سوشل میڈیاکے زریعے پیشگی مطلع کرتی ہے جسے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ تصور نہ کیاجائے۔اس کے علاوہ تکنیکی خرابی کے باعث بجلی بندش کے حوالے سے بھی صارفین کو آگاہ کیاجاتاہے اور اس سلسلے میں کیسکوکی جانب سے متعلقہ صارفین سے زحمت کیلئے پیشگی معذرت اور تعاون کی اپیل بھی کی جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے