ڈی جی نیب (بلوچستان) کی جانب سے کمپلینٹ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) قومی احتساب بیورو (بلوچستان) نے ڈی سی آفس کوئٹہ میں واقع نیب کمپلینٹ سیل انسکمب روڈ پر عوامی شکایات کی شنوائی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ نیب کی اس کھلی کچہری کا بنیادی مقصد اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کا حصہ ہے کہ شہریوں کی بدعنوانی کے خلاف شکایات کو سنا جائے اور ان کے تدارک کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ 30 مئی 2024 کو منعقد ہونے والے اس پروگرام میں عام لوگوں نے بدعنوانی کے خلاف اپنے تحفظات اور شکایات کو براہ راست ڈائریکٹر جنرل تک پہنچایا۔ شکایت کنندگان کی ایک بڑی تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی اور آشیانہ ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے بلڈرز کے خلاف شکایات درج کیں ۔اس کھلی کچہری میں ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کو بھی مدعو کیا گیا تاکہ وہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور اسی سلسلے کا یہ مذکورہ کیس بھی اے سی ای بلوچستان کے حوالے کیا گیا۔ کھلی کچہری میں دونوں سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اورشکایت کنندگان کو تفصیلاًسنا ۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلی افسران نے متعلقہ اداروں کے ماتحت افسران کو عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے احکامات جاری کیے ۔کھلی کچہری کے دوران زیادہ تر موصول ہونے والی شکایات غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں گھپلوں سے متعلق تھیں۔ ان ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان نے عوام کی محنت کی کمائی کا غلط استعمال کیا اور اسے اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ اس کے علاوہ کچھ شکایات حکومت بلوچستان کے محکموں میں اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق بھی تھیں۔ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو نیب بلوچستان کی جانب سےمنعقدہ کھلی کچہری کا یہ اقدام شفافیت اور احتساب کے لیے ادارےکے عزم کو ظاہر کرتا ہےاور زیادہ سے زیادہ اعتماد اورعوامی شمولیت کوبھی فروغ دیتا ہے ۔اس کے ساتھ ہی معاشرے کو بدعنوانی کے خلاف اپنے خدشات کو دور کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے۔ نیب کا مقصد کرپشن سے متعلق شکایات کا فوری اور مؤثر طریقے سے ازالہ کرنا ہے اور سب کے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ کھلی کچہری کا انتظام ہر قسم کی بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے نیب کے عزم کو ثابت کرتا ہے، اور یہ کوشش عام لوگوں کو بدعنوانی کے معاملات کی قومی احتساب بیورو کو اطلاعات و شکایات جاری رکھنے کی ترغیب دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے