پاکستان کا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کردیا گیا
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)،پاکستان کا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ ’ پاک سیٹ ایم ایم ون‘ کامیابی کیساتھ لانچ کردیا گیا۔پاکستان کا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ ’پاک سیٹ ایم ایم ون‘ شیچانگ سیٹلائٹ لانچنگ سینٹر چین سے خلا کیلئے روانہ کیا گیا، سیٹلائٹ سپارکواورچائنیز ایروسپیس انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے بنایا گیا ہے، پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔
ترجمان سپارکو سیٹلائٹ زمین سے 36000 کلومیٹر کی اونچائی پر خلا میں داخل کیا جائے گا، سیٹلائٹ کو زمین سے خلا تک پہچنے میں تین سے چار روز لگ سکتے ہیں، سیٹلائٹ ای کامرس،ای گورننس اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاک سیٹ ایم ایم ون 15 برس تک کام کرے گا، اس سے پاکستان بھر میں ٹی وی نشریات، سیلولر فون سروس اور براڈبینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاک سیٹ ون ایم ایم رواں برس اگست میں سروس فراہم کرنا شروع کر دے گا۔مواصلاتی سسٹم پورے پاکستان کو کوریج فراہم کرتے ہوئے کے اے بینڈ 10 گیگابائٹ بائٹس فی سیکنڈ صلاحیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کے 2 کمیونیکیشن سیٹلائٹس خلا میں موجود ہیں، پاک سیٹ ون آر 2011 میں لانچ کیا گیا تھا، اس کی ڈیزائن لائف 15 سال تھی جو 2026 میں مکمل ہوجائے گی۔پاکستان کا ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ بھی خلا میں موجود ہے، پی آر ایس ایس ون 2018 میں لانچ کیا گیا تھا پاکستان نے حال ہی میں اپنا پہلا قمری مصنوعی سیارہ آئی کیوب قمر بھی لانچ کیا ہے۔