دنیا بھر میں شدت پسندی کے نتائج تباہ کن ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں شدت پسندی کے نتائج تباہ کن ہیں۔اسلام آباد میں انسداد شدت پسندی سیمینار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کی وجہ سے معشیت اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور اس نے متاثرہ ملک کے سوشل فیبرک کو بھی بری طرح متاثر کیا، یہ صورتحال نئی اسٹریٹجک اپروچ اپنانے کی مانگ کرتی ہے تاکہ شدت پسندی سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو شدت پسندی کا سامنا کرنا پڑا اور اس سے ملک کی ہم آہنگی اور امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں، پاکستان نے دنیا کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے، دہشتگردی کو مٹانا ضروری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور شدت پسندی سے جنگ میں قیادت کی ہے، پائیدار امن کے لیے معاشرے میں شدت پسندی کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، قومی ایکشن پلان، قومی داخلی سلامتی کی پالیسی اور قومی انسداد انتہا پسندی کی پالیسی کے مطابق پاکستان کی واضح پالیسی نے دہشتگرد تنظیم کی جگہ کو نمایاں طور پر کم کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام متعلقہ ریاستی اداروں نے انتہا پسندی کے خاتمے میں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ انتہا پسندی کا بیانیہ بعض اوقات بہت آگے بڑھ جاتا ہے اور وہ بنیاد بن جاتا ہے جس پر شرپسند اپنا نظریہ استوار کرتے ہیں اور تشدد کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ معاشرے کو مثبت خیالات سے دور کر دیتا ہے، ہمیں بحیثیت قوم ایسے نظریے کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، ہم پر قومی شناخت کو فروغ دینے کی ذمہ داری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے