انبیاء کی دعوت و تبلیغ دنیاوی فائدے کے لیے نہیں بلکہ اخروی فلاح کا زینہ ہے،ثمینہ سعید
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)امت مسلمہ کی حیثیت خلیفہ کی بھی ہے اور اسی توسط سےہم امت وسط ہیں ۔دین ابراہیم کی پیروی کا ہمیں حکم دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری جلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے صوبہ وسطی پنجاب کے ارکان کی دو روزہ تربیت گاہ کے دوسرے سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ثمینہ سعید نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام وہ نبی تھے جو یکسو تھے -امت مسلمہ کے جد امجد ہیں ۔ ہماری زندگیوں میں اسوہ ابراہیمی علیہ السلام نظر آنا چاہیے ۔ہمیں مرجع خلائق بننا ہے۔انبیاء علیہم السلام کی دعوت توحید کی دعوت تھی۔ اگر ہم محسوس کرتے ہیں کہ معاشرے میں عدل و انصاف نہیں رہا تو پھر اہل معاشرہ کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ ہم نے اس راستے کو شعور سے اپنایا ہے ۔انبیاء کی دعوت کا بنیادی اسلوب نظریاتی دعوت تھا۔ خاص گروہ یا پہلو کے مفاد کے بجائے امت کا مفاد اہم ہے۔اللہ کی زمین پر اللہ ہی کا نظام قائم ہونا چاہیے ۔ جماعت اسلامی کی دعوت سب کے لئے یکساں دعوت ہے۔ وہ طاقت جو اسلام کے مقابلے میں کھڑی ہے وہ طاغوت ہے- ہماری دعوت ہر قسم کے طاغوت کے خلاف جنگ ہے ۔