عمران خان جیل میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں،شرجیل میمن
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں اہم ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بانی تحریک انصاف جیل میں بیٹھ کر پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب کی حمایت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس واقعے پر سیاست کر رہے ہیں جس میں ملک دولخت ہوا، بانی کی لڑائی کسی سیاسی جماعت سے نہیں پاکستان سے ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کل سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر ایک ویڈیو لگائی جس میں مجیب الرحمٰن کو قومی ہیرو کہا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کو نقصان پہنچاناچاہتا ہے، ایک شخص جیل میں بیٹھ کر حکومتیں بنا رہا ہے، ٹکٹیں بانٹ رہا ہے، 1971 کے سانحہ پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی لڑائی سیاسی جماعتوں، کسی فوجی جنرل یا ادارے سے نہیں، پاکستان سے ہے، یہ شخص ہم پر تھوپا گیا ہے، پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بھارت بانی پی ٹی آئی کو فنڈنگ کررہا ہے۔