سیکرٹری صحت سیکرٹری خز نہ اسپیشل سیکر ٹری صحت ڈی جی پی ڈی ایم اے کو شو کاز نو ٹسز جاری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جسٹس عبداللہ بلوچ اورجسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے عدالت عالیہ میں عدم پیشی اور عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر سیکرٹری صحت حکومت بلوچستان،ا سپیشل سیکرٹری صحت حکومت بلوچستان، سیکرٹری خزانہ حکومت بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو شو کاز نوٹسز جاری کرنے کا حکم سنا دیا۔ عدالت نے یہ حکم ضلع کیچ میں ڈینگی سے تین افراد کی ہلاکتوں اور بے شمار دوسرے افراد کے متاثر ہونے کے باوجود فوری ریلیف مہیا نہ کرنے اور کیچ کی لوکل انتظامیہ صحت کی جانب سے سہولیات کی عدم دستیابی کے پس منظر میں سنایا۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ چونکہ یہ عوامی مفاد اور فوری نوعیت کا مسئلہ ہے جس پر عدالت نے سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے اورا سپیشل سیکرٹری صحت کو بذات خود عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا لیکن عدالت کے مورخہ 23 مئی 2024 کے واضح حکم کے باوجود مذکورہ افسران جان بوجھ کر نہ تو عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی پیشرفت رپورٹ پیش کی۔ لہذا عدالت نے مذکورہ بالا افسران کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ ان کے خلاف مورخہ 23 مئی 2024 کے حکم نامے کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کاروائی کا آغاز کیا جائے۔ معزز عدالت نے مذکورہ افسران کو شوکاز نوٹسز کے جوابات کے ساتھ آج مورخہ 28 مئی 2024 کو صبح نو بجے طلب کر لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے