سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کا بطور صدراستعفا منظور کرلیا،رانا ثناء اللہ
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کا بطور صدر استعفا منظور کرلیا ہے، جس کے بعد پارٹی آئین کے مطابق الیکشن کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے پارٹی کا الیکشن کمیشن آج کاغذات نامزدگی جاری کرے گا، 5 رکنی الیکشن کمیشن کی سربراہی رانا ثناء اللہ کررہے ہیں، دیگراراکین میں اقبال ظفر،عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اورکھیل داس کوہستانی شامل ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ شہباز شریف کے استعفے کے بعد دو نشتیس خالی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) کیلئے کاغذات نامزدگی کل دوپہر 12 بجے تک سے جمع کرانے ہوں گے، ایک بجے تک اسکروٹنی کا عمل شروع ہوگا۔پارٹی الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کل صبح 10 سے 12 بجے تک جمع کروائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل دوپہر 1 سے 2 بجے کے درمیان ہوگی۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق کل ڈھائی بجے تک کاغزات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں، پارٹی صدارت کے لیے 3 بجے حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور پارٹی رولز اور آئین کے مطابق الیکشن کروائے جائیں گے، شام 4 بجے الیکشن کا مرحلہ تکمیل کو پہنچے گا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک سے زائد امیدوار ہوئے تو اسی مقصد کے لیے ورکنگ کونسل کا اجلاس بلایا گیا۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں، شاہد خاقان کی اہلیت کا فیصلہ اسکروٹنی میں ہوگا۔
خیال رہے کہ کل 4 بجے پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل نئے صدر کا انتخاب کرے گی اور امکان ہے کہ نواز شریف ن لیگ کے بلامقابلہ صدرمنتخب ہوں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میں جو طریقہ ہے اس میں کاغذات نامزدگی فائل نہیں ہوئے، جماعت اسلامی کی شوریٰ اپنا امیر مقرر کرتی ہے، مجھے جماعت اسلامی کے پارٹی الیکشن پر کوئی اعتراض نہیں۔
علاوہ ازیں کل کی جنرل کونسل کے اجلاس کا ایجنڈہ جاری کردیا گیا۔ایجنڈے کے مطابق جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترامیم بھی منظورکروائی جائیں گی، اجلاس میں صدر کےعہدے کا انتخاب کیا جائے گا، کشمیر، فلسطین سمیت مختلف معاملات پرقرادادیں منظور کی جائیں گی۔ایجنڈے کے مطابق قائم مقام صدر شہبازشریف اجلاس سے خطاب کرینگے، نومنتخب صدرنوازشریف بھی اجلاس سے خطاب کرینگے۔