بلوچستان اسمبلی اجلاس،کیڈٹ کالج واشک کے قیام اوریوم تکبیر کے حوالے سے قرارداد یں منظور

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی نے کیڈٹ کالج واشک کے قیام کے لئے رقم مختص کرنے اوریوم تکبیر کے حوالے سے تہنیتی قرارداد یں منظور کرلیں جبکہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے معاملے پربحث ایڈوکیٹ جنرل کی وضاحت کے بعد نمٹا دی گئی۔پیر کو بلوچستان اسمبلی کااجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں 45 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ نصیرآباد میں شیدید گرمی کے دوران یومیہ بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے کیسکو حکام سے ہونیوالی میٹنگ کے باوجود ان پراثر نہیں ہوا، ایک کمیٹی بنائی جائے جو بجلی کے مسئلے پر وزیراعظم سے ملکر بات کریں۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی زابد ریکی نے واشک میں کیڈٹ کالج کے قیام کے لئے رقم مختص کرنے کی قرارداد پیش کی جس میں موقف اختیار کیاگیا تھا مقامی سطح پر اعلی تعلیم کے مواقع میسر نہ ہونے سے غریب طلباء زیور تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں صوبائی حکومت واشک میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے2024.25 کے بجٹ میں رقم مختص کرے بعدازاں ایوان نے ضلع واشک میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے آئندہ بجٹ میں رقم مختص کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔اجلاس میں صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران نے یوم تکبیر کے حوالے سے تہنیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکے سے پاکستانی قوم اور دنیااسلام کا سرفخر سے بلند ہوا، یہ کارنامہ پاک افواج سیاسی قیادت اور سائنس دانوں کی کاوشوں سے ممکن ہوا، ایمٹی دھماکوں سے پاکستان کی علاقائی سالمیت،آزادی اور خودمختیاری کاتحفظ ممکن ہوا۔پاکستان نے 28 مئی 1998ء کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام میں پہلی ایمٹی طاقت بننے کااعزاز حاصل کیا،ایٹمی دھماکے سے پاکستانی قوم اور دنیااسلام کا سرفخر سے بلند ہوا، پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،بلوچستان اسمبلی میاں نوازشریف کو ایٹمی دھماکے کرانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد ذوالفقار بھٹو نے رکھی۔ صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ قراردادمیں ذوالفقارعلی کانام بھی شامل کیاجائے۔ایوان نے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔اجلاس میں صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی کاترمیمی بل پیش کیا ایوان نے ڈی ایچ اے کاترمیمی بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس کے دوران سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے معاملے پربحث کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل آصف ریکی نے ایوان کو بتایا کہ قانون کے تحت سپریم کورٹ کے فیصلے پراسمبلی میں بحث نہیں ہوسکتی ہے جس کے بعد یہ بحث نمٹادی گئی جس کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے