مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی ،پاکستانی کرنسی مستحکم ہوگی،مریم نواز

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کیلئے اچھے دن آرہے ہیں، روٹی سمیت دیگر اشیا کے نرخ میں مزید کمی ہو گی، یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی معیشت دن بدن ترقی کی جانب گامزن ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ہم یو اے ای کے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہماری حکومت پر اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ مثبت معاشی عشاریے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے، 100 انڈیکس کا مثبت رحجان خوش آئند ہے۔ پاکستانی عوام کے لئے اچھے دن آ رہے ہیں، روٹی سمیت دیگر اشیا ءکے نرخ میں مزید کمی ہوگی، مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور پاکستانی کرنسی مستحکم ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو تاجروں صنعتکاروں اورسرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے شہباز شریف حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے شر سے ملک محفوظ رہے، ہماری حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے