عوام کا تعاون ہوگا تو بھتہ خوری میں ملوث کالی بھیڑوں کا خاتمہ کردیں گے،وزیرداخلہ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں لیویز اور پولیس چیک پوسٹوں پر بھتہ لینے والوں کے خلاف گھیر اتنگ کر دیا۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ عوام بھتہ خوری کرنے والے اہلکاروں کی ویڈیوز بناکر نشاندہی کریں، عوام کا تعاون ہوگا تو بھتہ خوری میں ملوث کالی بھیڑوں کا خاتمہ کردیں گے، بھتہ خوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
میرضیاء لانگو نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت ہے کہ بھتہ خوری میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے، لیویز اور پولیس کی چیک پوسٹوں پر اب بھتہ خوری نہیں چلے گی، گھناؤنے عمل میں ملوث انتظامی افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ہم عوام کے نمائندے ہیں، ان کے مفادات کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔