یواے ای نے پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی،جام کمال
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا خلیجی ممالک کا دورہ کامیاب رہا ، یواے ای نے اربوں روپے کی سرمایہ کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزراء جام کمال نے عطاتارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ برنس کمیونٹی ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، وزیر اعظم کا یواے ای کا دورہ بھی خاص اہمیت کا حامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زید نے شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،شہباز شریف کا یوا ے ای کے ساتھ ذاتی تعلق بھی ہے، شیخ محمد بن زید نے شہباز شریف کوسرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے ۔وزیر تجارت نے مزید کہا کہ حکومت معاشی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے، وزیر اعظم نے ہر شعبہ میں ہمیں بہتری کا ٹاسک دے رکھا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یواے ای پاکستان میں 10ارب کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ، یواے ای کے حکمران جانتے ہیں کہ شہباز شریف ڈیلیور کرنا جانتے ہیں، وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ ہم قرض یا امداد نہیں چاہتے ہم آپ سے کاروباری روابط بڑھانا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم جہاں جاتے ہیں سرمایہ کاری یا تجارت کی بات کرتے ہیں ، جب ایس آئی ایف نہیں تھا تو ون ونڈو نہیں تھا، ہم سے پہلے ایکسپورٹ کو مشکلات تھیں ڈالر ایک جگہ نہیں رکتا تھا ، آئین کی خلاف ورزی کرنی ہے تویہاں آپ کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ، اب پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے، ہمارے مخالفین کو ہماری کامیابی ہضم نہیں ہورہی ہے۔
عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت اپنا بجٹ پیش کررہی ہے ، عوام کو دھوکہ دینے اور سیاسی مہم کیلئے بجٹ پیش کیا جارہا ہے ، کے پی حکومت دوسرے صوبوں کی طرح کام بھی کرے، ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے، وزیر اعلیٰ کے پی پہلے بجٹ پیش کرکے تعصب پھیلانا چاہتے ہیں ،وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں تباہی اور بربادی پھیلے۔