پی ایف یو جے نے عدالتی کارروائی کی نشریات کیخلاف پیمرا نوٹیفکیشن چیلنج کردیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے عدالتی کارروائی کی نشریات کیخلاف پیمرا کا نوٹیفکیشن اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق عدالتی کارروائی کی نشریات کیخلاف پیمرا نوٹیفکیشن ایک بار پھر اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔
وائس چیئرمین اسلام آباد بارکونسل عادل عزیز قاضی کے ذریعے دائر درخواست میں کہا گیا کہ 21 مئی 2024 کو پیمرا کی جانب سے 2 نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، ٹی وی چینلزکوعدالتی کارروائی رپورٹ نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے صرف عدالتی تحریری حکم ناموں کو ہی رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔درخواست میں کہا گیا کہ پیمرا نیعام عوام کی معلومات تک رسائی کے حق کی خلاف ورزی کی، پیمرا کی جانب سے اپنے نوٹیفکیشن میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی گئی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پیمرا کا21 مئی کا نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 ایون کی خلاف ورزی ہے، پیمرا نوٹیفکیشن پیمراآرڈیننس 2002 کی روح کی بھی خلاف ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا 21 مئی کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیاجائے اور پیمرا کوانسانی بنیادی حقوق کیخلاف کوئی بھی نوٹیفکیشن یااحکام جاری کرنے سے روکا جائے۔
یاد رہے پیمرا نے زیرسماعت کیسزسیمتعلق خبریں چلانے پر پابندی عائد کی ہے، پیمرا نے ہدایت جاری کی کسی بھی کیس کا حتمی فیصلہ آنیتک ٹی وی چینلز عدالتی سماعت کی خبرنہیں چلائیں گے اور زیر سماعت کیسز سے متعلق صرف وہ معلومات دی جائیں گی جو مفادعامہ کے لیے ہوں گی۔