مغوی شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈر طلب
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے مغوی شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ جاری کیا، 8 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اردو میں جاری کیا گیا۔
عدالت کے تحریری حکمانے کے مطابق انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)کے سیکٹر کمانڈر اور ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو(آئی بی)کو 29 مئی کو طلب کر لیا گیا۔عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو بھی طلب کرلیا۔اس کے علاوہ حکم نامے کے مطابق وزیر قانون اور سیکرٹری قانون کو بطور عدالتی معاون طلب کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اور ایس ایس پی پولیس نے عدالت کو تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا، پولیس حکام نے بتایا کہ مغوی کی لوکیشن ٹریس کرلی گئی ہے، پولیس کے مطابق وہ جلد ہی متعلقہ جگہ اور لوگوں تک پہنچ جائے گی۔حکم نامے کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او نے بتایا کہ سیکٹر کمانڈر کا بیان قلم بند نہیں کیا، پولیس کے مطابق وزارت دفاع سے حاصل تحریری جواب شامل مثل کیا گیا۔