زیارت کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان
زیارت(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زیارت کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جس پر عمل درآمد ممکن نہ ہو زیارت کو ملک کا منفرد سیاحتی مقام بنایا جائے گا ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں زیارت میں قبائلی عمائدین اور زعمائسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ، آغا شکیل درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ و دیگر اعلٰی حکام اور قبائلی عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور زیارت کی ترقی کے لئے تمام عمائدین اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی میں چیف سیکرٹری اور چئیرمین میونسپل کمیٹی زیارت کو شامل کرنے کے لئے قوانین میں ترمیم کی جائے گی عوامی مسائل کی شنوائی اور عمائدین و عوام کی مشاورت کے لئے آئندہ بھی عوامی جرگہ منعقد کریں گے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا وزیر اعلٰی نے کہا کہ زیارت پاکستان کا اہم شہر ہے جہاں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے قیمتی ایام گزارے، زیارت کی ترقی قومی ترقیاتی ترجیحات کا حصہ ہے، اس موقع پر وزیر اعلٰی زیارت کے قبائلی عمائدین اور مقامی افراد سے فرداً فرداً ملے اور ان سے مصافحہ کیا میر سرفراز بگٹی لوگوں میں گھل مل گئے عمائدین اور مقامی افراد نے وزیر اعلٰی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے وزیر اعلٰی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے۔