نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف صوبہ بھرمیں کیسکوکی کارروائیاں جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف جاری قومی مہم کے تحت وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی جانب سے صوبہ بھرمیں کارروائیاں جاری ہیں۔ ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے کیسکوکی ٹیمیں بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں جس کے مثبت پیش رفت سامنے آنے سے کیسکوکو خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوگئی ہے نیز اس قومی مہم کے مثبت اثرات باقاعدگی سے بجلی بلوں کی ادائیگی کرنے والے صارفین کو بہتروولیٹج کی صورت میں مل رہاہے۔کیسکونے بجلی چوروں کے خلاف اس خصوصی مہم کے تحت بجلی میٹروں کو شنٹ اورمیٹر ریڈنگ Slowکرنے والے 24ہزار922گھریلوکنکشنز،8ہزار404کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار508زرعی کنکشنزاور537صنعتی کنکشنز منقطع کرکے بعد ازاں اُن پر جرمانے عائد کردئیے اوراس طرح مجموعی طورپراُنھیں ایک کروڑ 25 لاکھ 84 ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن کی مد میں چارج کیئے گئے جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً64کروڑ99لاکھ 75ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے کیسکونے اب تک60کروڑ62 لاکھ 26ہزارروپے سے زائد رقم وصول بھی کرلئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ خصوصی مہم کے دوران کیسکوٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے صوبہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں 6ہزار398 تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 607 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کئے جا چکے ہیں۔علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پر نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے اوراس سلسلے میں کیسکوٹیموں نے ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کے حامل 2 لاکھ49ہزار202 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب71کروڑ89لاکھ 30ہزارروپے سے زائد رقم بھی وصول کرلئے ہیں۔واضح رہے کہ صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں کیسکوکی ٹیمیں تمام بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کررہی ہیں اوراس سلسلے میں صارفین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی اداکریں بصورت دیگر کیسکوکسی بھی نادہندہ صارف کے کنکشن منقطع ہونے یا مزید کسی بھی زحمت اور پریشانی کی ذمہ دار نہیں ہوگی،علاوہ ازیں کیسکونے تمام صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور اپنے اردگردبجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔