فلسطین اور اہل غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف ایرانی صدر کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور/اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی وفات نہ صرف ایران کے عوام کے لیے بلکہ تمام عالم اسلام کے لیے ایک بڑا سانحہ اور ناقابل برداشت صدمہ ہے-پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دونوں کے غم بھی مشترک ہیں۔ ایران کے بہادر عوام ہمیشہ کی طرح صبر و استقلال کے ساتھ اس سانحے سے نبردآزما ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے جماعت اسلامی کے وفد کے ایرانی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر کیا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے ایرانی قونصلر سے ملاقات میں کہا کہ شہید ایرانی صدر نے گذشتہ ماہ پاکستان کا تاریخ ساز دورہ کیا اور پاکستان سے گہری محبت کا اظہار کیا۔ انھوں نے اہل علم و دانش سے بھی ملاقاتیں کی ۔صدر رئیسی نے اتحاد امت کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں ۔قرآن کے پیغام کو اقوام متحدہ میں جلال و جمال کے ساتھ پیش کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا شہید صدر اپنے ملک کے ساتھ ساتھ امت میں بھی محبوب قائد کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی صلاحیتوں سے عالم اسلام میں باعزت اور باوقار مقام حاصل کیا۔ فلسطین اور اہل غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف ایرانی صدر کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وفد نے کتاب میں تعزیتی کلمات درج کئے ۔دریں اثناء ڈپٹی سیکریٹریز عطیہ نثار ،ڈاکٹر زبیدہ جبیں ،عفت سجاد ،طیبہ عاطف نے بھی تعزیتی پیغام میں ایرانی صدر کی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا ۔علاوہ ازیں مرکزی و صوبائی ذمہ داران پر مشتمل ایک نمائندہ وفد عائشہ سید ،زبیدہ اصغر ،نزہت بھٹی ،نائلہ سید نے اسلام آباد ایرانی سفارت خانے میں ملاقات میں تعزیت کی اور کتاب میں تاثرات قلمبند کئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے