خضدارشہرمیں امن وامان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے،بی این پی

خضدار(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائمقام ضلعی صدر میرنوراحمد میراجی نے کہا ہے کہ گزشتہ مہینوں سے خضدار میں چوری ڈکیتی ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری عروج پر ہے، شہرمیں امن وامان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے گزشتہ دنوں سے خضدارمیں ایک منصوبے کے تحت تعلیم یافتہ شعورواہل قلم صحافی اورسیاسی سماجی تاجربرادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ کررہے ہیں جن میں خضدارپریس کلب کے صدر مولانا صدیق مینگل، دوشہری محمدوارث ساسولی محمد کریم ساسولی، مولانا عبدالحکیم مینگل، نال کے رہائشی اشرف بزنجو، تاجرعلی حسن محمد حسنی شامل ہیں ، ہندوتاجر کوبھرے بازار سے لوٹ لیاگیا ، خضدار کھٹان میں رہائشی ذاکر کرد کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کردیا ۔ خضدارکو ایک بارپھر جان وبوجھ کر بھتہ خوروں کے حوالے کیاجارہاہے ان خیالات کااظہار بی این پی کے ضلعی قائمقام صدر میرنوراحمد میراجی نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر چیئرمین لال جان بلوچ، ضلعی جنرل سیکٹریری عبدالنبی بلوچ، ضلعی انسانی حقوق سیکٹریری میرمنیراحمد ساسولی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ غلام نبی مینگل، تحصیل صدر میر سفرخان مینگل ودیگر کارکنان پریس کانفرنس میں موجود تھے انہوں نے کہا گزشتہ دنوں وڈھ میں تاجروں سے بھتہ خوری کرنے والوں کوبھتہ وصولی وڈکیتی کرنے پرلوگوں نے پکڑکر پولیس کے حوالے کئے اورپولیس کواطلاع دی کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ ان دنوں بھتہ خوروں کو چھڑانے کے خاطر ایک ڈرامہ رچاکرمسلسل 28 گھنٹے خضدار میں قومی شاہراہ بلاک کرکے انتظامیہ پردباؤڈال کر مزکورہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے انتظامیہ نے بغیرکسی قانونی کاروائی کے چھوڑدیا ہے ۔ الٹاہمارے قائد کے فرزند میر گورگین مینگل ودیگر پارٹی دوستوں کے خلاف ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی جوکہ قابل مزمت عمل ہے ۔ انہوں نے کہا ہم وزیراعلی بلوچستان ودیگرحکام بالاسے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان تمام واقعات میں ملوث افراد کوگرفتار کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے بصورت دیگر بی این پی سخت ترین احتجاج کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے