ایرانی صدر کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر کریش لینڈنگ کا شکار

تہران(ڈیلی گرین گوادر)ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے اسکواڈ میں شامل ہیلی کاپٹر کی اتوار کے روز ’کریش لینڈنگ ‘ ہوئی ہے، ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے سفر پر تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر ہی سوار تھے۔

سرکاری ٹی وی نے واقعے کا علاقہ ایرانی دارالحکومت تہران سے تقریباً 600 کلومیٹر شمال مغرب میں آذربائیجان کی سرحد پر واقع شہر ’جولفا‘ کے قریب بتایا ہے۔ابراہیم رئیسی اتوار کی صبح آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کے ساتھ ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کے لیے آذربائیجان میں تھے۔ یہ تیسرا ڈیم ہے جو دونوں ممالک نے دریائے اراس پر تعمیر کیا تھا۔

ایران اپنے ملک میں مختلف قسم کے ہیلی کاپٹر اڑاتا ہے لیکن بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے ان کے پرزے حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس کا فوجی فضائی بیڑا بھی زیادہ تر 1979 کے اسلامی انقلاب سے پہلے کا ہے۔

63 سالہ ابراہیم رئیسی پہلے ملک کی عدلیہ کی بھی قیادت کر چکے ہیں۔ انہیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا حامی سمجھا جاتا ہے اور بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وہ 85 سالہ آیت اللہ خامنہ ای کی وفات یا عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

سرکاری ٹیلی ویژن نے اتوار کو بتایا کہ امدادی کارکن ‘واقعہ’ کی جگہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کے ساتھ کیا ہوا اس بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ اس میں کون کون لوگ سوار تھے تاہم اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ملک کے وزیر خزانہ امیر عبداللہ بھی صدر کے ساتھ تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے