براہوئی شاعروادیب میرمحمد الفت انتقال کرگئے
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ریڈیو پاکستان کے سابق سینئیر پروڈیوسر، میر محمد الفت آج صبح بقضائے الہی وفات کرگئے مرحوم کچھ عرصہ سے علیل تھے اور کوئٹہ کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ پاکستان ٹیلی وژن کے کوئٹہ سینٹر سے نشریات کے آغاز سے ہی میر محمد الفت ادارے سے بحیثیت کمپئیر وابستہ رہے۔ دہائیوں پر مشتمل فنی کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ ہر دل عزیز ملنسار اور شفیق میر محمد الفت تمام عمر بلوچستان میں زبان و ادب کے فروغ کیلئے سرگرم رہے۔ بلوچستان میں ٹیلی وژن کی نشریات کے آغاز سے قبل بھی ملک بھر میں جہاں جہاں ریڈیو کی آواز پہنچتی رہی میر محمد الفت ریڈیو پاکستان براہوئی اور اردو زبان کی خوبصورت صدا کار کی حیثیت سے پہچانے گئے۔ مرحوم پی ٹی وی کوئٹہ سے نیوز بلیٹن کے آغاز سے ہی براہوی لینگویج ٹرانسلیٹر اور نیوز کاسٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مرحوم کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح پر براہوی میں تصنیف پر حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا مرحوم کی ٹیلی وژن اور ریڈیو کیلئے خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکیں گی۔ بلوچستان بھر سے زبان و ادب سے وابستہ لوگوں، سماجی اور سیاسی شخصیات نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کی وفات سے بلوچستان میں زبان و ادب کے شعبہ میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہوسکے گا۔