پی ٹی آئی کے زیر اہتما م جمعہ خان خلجی پر قلا تانہ حملے کے خلاف ریلی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام پارٹی رہنما جمعہ خان خلجی پر قاتلانہ حملے کے خلاف جمعرات کو کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کرمظاہرے کی شکل اختیار گئی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھارکھے تھے۔ مظاہرے کے شرکاء سے حاجی شائستہ خان بڑیچ، فضل محمدخلجی،عالم خان لیلیزئی،حاجی رحمت اللہ کاکڑ،عبدالولی خلجی، حاجی نسیم کاکڑ،حاجی عبدالکریم خلجی،رحمت اللہ ترکئی،داود خلجی،بخت جمال خلجی،محمدخان خلجی،بخت محمددرانی، حاجی نعمت اللہ خلجی اور ابوبکرخلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما حاجی جمعہ خان خلجی کو کوئٹہ میں فائرنگ کرکے دن دیہاڑے شدیدزخمی کردیا گیا دو ہفتے سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال حملے میں ملوث ملزمان کو ابھی تک پولیس گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں چوری،ڈکیتی،اغواء برائے تاوان سمیت دیگروارداتوں کی وجہ سے شہریوں میں شدیدخوف و ہراس پایاجاتا ہے اور لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے ڈرنے لگے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والانہیں ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان،ہوم سیکرٹری،آئی جی پولیس، ڈی آئی جی کوئٹہ سے اپیل کی کہ حاجی جمعہ خان خلجی پرقاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کوفوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر پاکستان تحریک انصاف اور عوام ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے