سی پیک پر بلوچستان اور گلگت بلتستان کا سب سے زیادہ حق ہے،سلیم صحافی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے منعقدہ ’پاکستان لٹریچر فیسٹیول“ (کوئٹہ چیپٹر) کے پہلے روز دوسرے سیشن خوشحال بلوچستان۔ مستحکم پاکستان کا انعقاد ارفع کریم رندھاوا ایکسپو سینٹر میں کیاگیا جس میں فواد حسن فواد، سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلیم صحافی، شمس الدین احمد شیخ اور حفیظ جمالی نے موضوع سے متعلق گفتگو کی نظامت کے فرائض شہزادہ ذوالفقار نے انجام دیے۔ تجزیہ نگار سلیم صحافی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کی سطح زمین پر سمندر ہے جو آج چین کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، سی پیک پر گلگت بلتستان اور گوادر بلوچستان کا سب سے زیادہ حق ہے، وفاق کو چاہیے کہ بلوچستان کے لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے، خاص طور پر ان کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اسی طرح یہ صوبہ ترقی کرسکتا ہے، جو لوگ ان کی راستے میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کے بھی دشمن ہیں ان کے بارے میں ہمیں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے، بلوچستان کے حق کے لیے تمام زبانوں کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہیے،فواد حسن فواد نے کہاکہ پاکستان کے چھوٹے صوبوں کی ترقی کی راہ میں سول بیوروکریسی بڑی رکاوٹ ہے، میں پوری ایمانداری سے یہ با ت کررہا ہوں، بلوچستان میں جب بھی سوئی گیس کا دائرہ وسیع کرنے کی بات ہوتی تو آبادی کم اور دور ہونے کا بہانہ بناکر بلوچستان میں گیس فراہم نہیں کی گئی لیکن اگر کوئی یونیورسٹی پنجاب چھوٹے ضلع لیہ میں بھی بنانی ہو تو یہ کبھی نہیں سوچا جاتا کہ اس کی فیکلٹی اور طالب علم کہاں سے آئیں گے، ہمیں درست فیصلے کرنا ہوں گے، انہوں نے کہاکہ آج مجھے پاکستان کا مستقبل نظر آرہا ہے، نوجوانوں کو بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔حفیظ جمالی نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کو نظام میں تبدیلی لانا چاہیے پھر چاہے وہ NFC ہو یا PSTP۔ تعلیم اور صحت کے مراکز میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ شمس الدین احمد شیخ نے کہاکہ بلوچستان کے پاس ہر طرح معدنی اور قدرتی وسائل موجود ہیں اس کے باوجود ہم اس سے فائدہ نہیں اٹھا رہے، سیکورٹی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے