وفاقی وزرا کے پٹرول اخراجات میں کٹوتی کی تجویز تیار
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وزرا اور دیگر کابینہ ممبران کے پٹرول کے اخراجات میں کٹوتی کرنے کی تجویز تیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے وزرا اور دیگر کابینہ ممبران کو ماہانہ لاکھوں روپے پٹرول کی مد میں دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق کابینہ ارکین اوسطاً 20 لاکھ سے 53 لاکھ روپے ماہانہ پٹرول پر خرچ کرتے ہیں۔
کابینہ ارکان کو 1500 سی سی گاڑیوں پر 350 لیٹر ماہانہ پٹرول کی اجازت ہے، اسی طرح کابینہ ممبران کو لینڈ کروزر، بی ایم ڈبلیو، جیپ پر 900 لیٹر ماہانہ پٹرول کی سہولت حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق 1500 سی سی کی چھوٹی گاڑی کیلئے پٹرول پر ایک وزیر ماہانہ 98 ہزار روپے اوسطاً خرچ کرتا ہے اسی طرح بڑی گاڑیاں استعمال کرنیوالے وزراء اور مشیر ماہانہ دو لاکھ 52 ہزار روپے اوسطاً پٹرول استعمال کرتے ہیں۔
اس وقت وفاقی وزراء ، وزراء مملکت ، معاونین خصوصی اور مشیران کی تعداد 21 ہے جن میں 18 وفاقی وزرا، 1 وزیراعظم کے ایڈوائزر، 1 ایس اے پی ایم اور 1 اسٹیٹ منسٹر شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے اخراجات کم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔