نرسز محکمہ صحت میں ریڑھ کی ہدی کی حیثیت رکھتی ہیں،رحمت صالح بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی بلوچستان وحدت کے صدر و رکن بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ، ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی،ایڈیشنل ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر شوکت بلوچ،نرسنگ ڈائریکٹر کلثوم اقبال، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ریاض لوئیس،آسٹرنوین اوردیگر نے کہا ہے کہ نرسز محکمہ صحت میں ریڑھ کی ہدی کی حیثیت رکھتی ہیں اورنرسنگ انسانیت کی بے لوث خدمت کا دوسرا نام ہے صوبائی حکومت اورمحکمہ صحت نرسز کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری طور پراقدامات اٹھائے،صوبے کے ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کومد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پرنرسز کی مزید1000پوسٹوں کا اعلان کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نرسز کے عالمی دن کے حوالے سے سول ہسپتال کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نرسز اور نرسنگ کی پرموشن میں مددکرنے پر سپرنٹنڈنٹ نرسنگ ڈائریکٹوریٹ عبدالسلام اورجاوید جعفر کو شیلڈ ز دی گئیں۔ رکن بلوچستان اسمبلی وسابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ محکمہ صحت میں ڈاکٹرز کے بعد نرسنگ ایک انتہائی اہم شعبہ ہے نرسز نے کورونا وائرس اور کانگو وائرس کی وباء کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کی دن رات خدمت کی،کورونا وباء کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 115 سے زائد نرسیں جان کی بازی ہار گئیں تاہم پھر بھی قوم کی ان عظیم بیٹیوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی مستقل مزاجی اور بلند حوصلے سے یہ بات ثابت کردی کہ پاکستانی نرسز ہر وقت اور ہر دم قوم کی خدمت کو تیار ہیں کٹھن سے کٹھن حالات میں بھی انہوں نے کبھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے سے انکار نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام سمیت دیگر مذاہب بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کی تلقین کرتے ہیں ہمیں چاہئے کہ وہ بلا رنگ و نسل ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی بہتر طریقے سے دیکھ بھال کریں۔انہوں نے کہا کہ نرسز ہاسٹلز کی بہتری اورانکی رہائش کے مسائل حل کرنے کیلئے وہ نہ صرف اسمبلی فلورپر آواز بلند کریں گے بلکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی اور صوبائی وزیر صحت سردارزادہ فیصل جمالی سے بھی ملاقات کریں گے اورانکی کوشش ہوگی کہ نرسنگ ہاسٹلز کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہ کانگو وائرس کی مریض کی دیکھ بھال کے دوران کانگو وائرس سے متاثر ہونے والی نرس روبینہ کوثرمراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس کیلئے 30ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے نرسز کے عالمی دن کے موقع پر نرسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے سول ہسپتال کوئٹہ کا چارج سنبھالا ہے ہسپتال میں واقع نرسز کے ہاسٹل کی بہتری کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں گزشتہ دنوں صوبائی وزیر صحت کے سول ہسپتال کے دورے کے دوران بھی انہوں نے صوبائی وزیر کو نرسنگ ہاسٹل کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں ڈاکٹرز کے بعد اہم کردار نرسز کا ہی ہوتاہے نرسوں کی اہمیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتاہسپتالوں میں دن رات مریضوں کی دیکھ بھال، تیمارداری کرنے میں ایک نرس انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے آج معاشرے میں نرسوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور انکی گرانقدر خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ریاض لوئیس نے کہاکہ سول ہسپتال بلوچستان کا سب سے بڑا ہسپتال ہے جہاں کوئٹہ کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی لوگ علاج معالجے کیلئے آتے ہیں ہسپتال میں نرسز کی کمی کی وجہ سے نرسز کوبہت سے مسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے سول ہسپتال کیلئے کم سے کم 500نرسزہونی چاہئے تاکہ ہوہ مریضوں کی بہتر طریقے سے دیکھ بھال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوری طور پربلوچستان کیلئے مزید1000نرسزکی پوسٹوں کااعلان کرے تاکہ ہسپتالوں میں نرسز کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں واقع نرسنگ ہاسٹل کی حالت انتہائی خراب ہے ہاسٹل کی تعمیر و مرمت کیلئے فوری طورپراقدامات اٹھائے جائیں اورشادی شدہ نرسزکیلئے الگ سے ہاسٹل کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیکرٹری صحت عبداللہ خان، اور ڈائریکٹر نرسنگ کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالا ہے ایک سال کے دوران 100سے زائد نرسز کو گریڈ17اورگریڈ18میں ترقی دی گئی ہے جلد ہی مزید گریڈ17،18اور گریڈ19میں نرسز کو ترقی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سٹودنٹ نرسز کا وظیفہ کم از کم 35ہزار مقرر کیا جائے نرسز ککی گریڈ20کی اسامیاں بھی منظور کی جائیں اور بلوچستان کی نرسز کے الاؤنسز دوسرے صوبوں کے برابر لائے جائیں اور نرسزکورسک الاونس دیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے