وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ایف سی ہیڈ کوارٹر بلوچستان کا دورہ،یادگار شہداء پر حاضری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان کا دورہ کیا۔فرنٹیئر کور نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، وفاقی وزیرداخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔فرنٹیئر کور نارتھ کے آئی جی میجر جنرل امیر اجمل چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔

محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا،اس موقع پر وفاقی وزیر نے میوزیم کا دورہ کیا، تاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فرنٹیئر کور نارتھ کے جدید آلات کا بھی معائنہ کیا۔بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ کی زیر صدارت فرنٹیئر کور نارتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں محسن نقوی نے بلوچستان میں قیام امن کیلئے فرنٹیئر کور نارتھ کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کور نارتھ نے بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، فرنٹیئر کور نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے محب وطن پاکستانی ہیں، بلوچستان کی پائیدار ترقی کا تعلق پائیدار امن سے جڑا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے