چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوسے نوابزادہ رئیس رئیسانی کی ملاقات
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئرشفقت علی سے نوابزادہ پیرہ رئیس رئیسانی اور امان اللہ سمالانی نے کیسکوہیڈکوارٹرمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹر کیسکوشوکت علی جوگیزئی بھی موجودتھے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ کیسکواپنے تمام صارفین کو بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام سرکاری، نجی اورزرعی صارفین بروقت بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ نادہندگان اپنے موجودہ بل جمع کرانے کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی جمع کراتے جائیں۔ علاوہ ازیں تمام زمیندار اپنے موجودہ بل اور بقایاجات بھی باقاعدگی سے جمع کرائیں اس کے علاوہ زرعی فیڈروں پر موجود غیرقانونی کنکشنز اورخودساختہ اضافی لوڈبھی فوری طور پرہٹاکرکیسکوسے تعاون کریں کیونکہ اس سے نہ صرف کیسکوکے سسٹم پرپڑنے والے اضافی بوجھ کو کم کیاجاسکے گابلکہ زرعی صارفین کو مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجاسکے گا۔اس موقع پر نوابزادہ پیرہ رئیس رئیسانی اور امان اللہ سمالانی نے مستونگ، کانک،پنجپائی،کردگاپ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی موجودہ صورتحال کے سلسلے میں کیسکوچیف کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ باقاعدگی سے بل جمع کرانے والے تمام صارفین اورزمینداروں کی حوصلہ افزائی کرکے اُن کے متعلقہ فیڈروں کے بجلی کی فراہمی کے اوقات کارکوبڑھایا جائے۔نوابزادہ پیرہ رئیس رئیسانی نے کہاکہ متعلقہ علاقوں میں وولٹیج کی کمی بیشی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ گھریلو اور زرعی صارفین کو بجلی کی فراہمی میں خاطر خواہ ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ علاقوں کے صارفین بجلی بلوں کی ادائیگی کویقینی بنائیں گے اوراس سلسلے میں کیسکواُن کے بجلی کی فراہمی کے اوقات کار میں اضافہ کریں نیز ان علاقوں میں بجلی کے غیر قانونی کنڈاکنکشنز ہٹانے کے علاوہ گھریلو،کمرشل اور دیگرصارفین سے بقایاجات کی وصولی کے سلسلے میں بھی اپنی جانب سے کیسکو چیف کومکمل تعاون کا یقین دلایا۔