وزیر داخلہ محسن نقوی کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان کوئٹہ میں ملاقات ہوئی ہے جس میں صوبے میں امن عامہ کے حوالے سے بات کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کوئٹہ وزیراعلی ہاؤس بلوچستان پہنچے جہاں وزیراعلی سرفراز بگٹی نے ان کا استقبال کیا۔ محسن نقوی اور سرفراز بگٹی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں، ترقی کے سفر میں بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے، بلوچ بھائیوں کی ہر طرح سے خدمت کےلیے حاضر ہیں۔وزیراعلی صوبے میں امن عامہ کے لیے تعاون پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے جا رہے ہیں، بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو اور وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔