بلوچستان کے مسائل سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں،صدر مملکت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مسائل سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں ، صوبے کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بلوچستان کو خوشحال بنا کر استحکام پاکستان کیلئے موثر کردار ادا کریں گے ۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کےعشائیہ سے خطاب میں صدرمملکت کا مزید کہنا تھا ہمارے دورمیں اٹھارویں آئینی ترمیم پاس کی گئی جس سے تمام صوبوں کوفائدہ پہنچا، کوشش ہے بلوچستان کی ترقی اور یہاں کےعوام کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کرسکوں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ صوبے کی بنجر زمینوں کو سیراب کرکے زرعی پیداوار میں اضافے کے قابل بنانے کی کوشش کریں گے ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسیع کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔
اس سے قبل آصف علی زرداری صدارت کا منصب سنبھالنےکے بعد بلوچستان کے پہلے دورہ پر کوئٹہ پہنچے تو گورنر ، وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزراء نے صدر سے ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
صدر مملکت سےملاقات میں نواب ثناءاللہ زہری ، صادق عمرانی ، علی مدد جتک ، ظہور بلیدی ، سردار عبد الرحمان کھیتران ، میر سلیم کھوسہ ، فیصل جمالی اور غزالہ گولہ شامل تھے ۔