لاہور،حلقہ خواتین جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ،تعلیمی اداروں میں مقابلہ موسیقی منسوخی کا مطالبہ

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پنجاب حکومت کی طرف سے نوجوانوں کے لیے مقابلہ موسیقی کے انعقاد کے اعلان کے خلاف پریس کلب لاہور کے سامنے حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وحلقہ لاہوررکی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا ۔جس کا مقصد حکومت پنجاب پر موسیقی کے مقابلے رکوانے کے لیے دباؤ بڑھانا اور عوام الناس کو اس غیر اسلامی فعل کے نقصانات سے اگاہ کرنا تھا ۔صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق،صدر حلقہ لاہور عظمی عمران وراشدہ شاہین معاون حلقہ مہ جبیں نائب حلقہ و دیگر خواتین رہنماؤں نے پریس کلب لاہور کے سامنے پرامن مظاہرے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اسلامی ریاست ہے۔ وطن عزیز میں اسلام کے منافی ہر سرگرمی قابل گرفت ہے، موسیقی کے مقابلے اور نوجوان نسل کو اس کی ترغیب دینا کسی طرح بھی درست نہیں۔ حکومت پنجاب یہ مقابلے فی الفور منسوخ کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات اس بات کے متحمل نہیں کہ موسیقی جیسے غیر شرعی پروگرام پر وقت اور وسائل ضائع کئے جائیں حکومت کا فرض ہے کہ نوجوانوں کے لئے نصابی و غیر نصابی تعلیم ، اخلاقی تربیت ، مثبت سرگرمیاں، روزگار کی اسکیمیں اور ہنر سکھانے کے مواقع فراہم کرے اور ملک کی تعمیر و ترقی کو فروغ دے۔

جواتین رہنماؤں نے کہا کہ دنیا بھر میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لئے مظاہرے کئے جا رہے ہیں لیکن ان کی حمایت اور مدد کے لئے ہماری حکمران پارٹی کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہیں ۔ دوسری طرف ہزاروں نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے نوکریوں کے منتظر ہیں مگر حکومت نے مایوسی کے سوا ان کو کچھ نہیں دیا -اس کے برعکس موسیقی جیسے غیر شرعی فعل سے ان کا دل بہلایا جا رہا ہے ۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقابلہ موسیقی فوری منسوخ کیے جائیں اور ان کی جگہ پر ہنرمندانہ صلاجیتوں کے فروغ لے لیے تربیتی پروگرامات کا اغاز کیا جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے