آزادی صحافت کا دن تجدید عہد اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے،میریونس عزیز زہری
کوئٹہ(ڈیلی گری گوادر) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کا دن تجدید عہد اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے، جب صحافی برادری قریہ قریہ کی خبریں پہنچاکر عام عوام الناس کو حالات و گردو پیش سے باخبر رکھتے ہیں، آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں صحافتی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ پورے ملک خاص کر بلوچستان کے صحافیوں نے نامساعد حالات و جفاکشی میں اپنی گرانقدر خدمات پیش کی ہیں جس طرح ان کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے اس حد تک ان کی حوصلہ افزائی ممکن نہیں ہوسکی ہے،مستقبل میں حکومت سے یہی توقع ہے کہ وہ صحافیوں کو پروٹیکشن دینے کے ساتھ ساتھ ان کے شعبے کی قدر کرتے ہوئے ان کی بہتر انداز میں حوصلہ افزائی بھی کریگی یہ دن منانے کا مقصد پیشہ ورانہ فرائض نبھانے میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک میں ترقی، جمہوریت اور احتساب کو فروغ دینے میں ایک آزاد پریس اہم کردار ادا کرتا ہے،صحافتی برادری نے بلوچستان کی پسماندگی کرپشن، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماحولیاتی آلودگی اور سماجی ناانصافی سمیت مختلف مسائل کو اجاگر کرنے میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور وہ آئندہ بھی اپنے اس مشن کو اسی طرح نبھاتے رہیں گے۔3مئی کے دن کی مناسبت سے ہم ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں جانفشانی کے ساتھ کام کرنے ہر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔