میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار کا 5 کروڑ 11 لاکھ روپے کا بجٹ اکثریت رائے سے منظور
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار کا 5 کروڑ 11 لاکھ روپے کا بجٹ اکثریت رائے سے منظور کر لیا گیا، مختص بجٹ سے میونسپل کارپوریشن آفس اور اسمبلی ہال کے تزئین و آرائش پر آنے والے 75 لاکھ روپے کے اخراجات کی ادائیگی کے بعد باقی رقم تمام ممبران کے تجویز کردہ اسکیمات پر خرچ کی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار کا بجٹ اجلاس زیر صدارت ڈپٹی میئر میر ربنواز خان بہرانی کے میونسپل اسمبلی ہال میں منعقد ہوا اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن میر اسفندیار خان جمالی اور اکثریتی ممبران شریک ہوئے، اجلاس میں ڈپٹی میئر نے 5 کروڑ 11 لاکھ روپے کا بجٹ پیش کیا اور شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے 4 ایجنڈے بھی پیش کیے، شریک ممبران کی اکثریت نے بجٹ کی منظوری دے دی اور ایجنڈے میں شامل آفس کی تزئین و آرائش پر آنے والے 75 لاکھ روپے کے اخراجات کی ادائیگی سمیت تمام ممبران کے وارڈز میں ترقیاتی اسکیموں کے لئے رقم مختص کرنے کی تجاویز دیں جو کہ منظور کرلئے گئے، اجلاس میں اپوزیشن ممبر سردار محمد رفیق بھٹی نے تجویز دیتے ہو?ے کہا کہ 5 کروڑ 11 لاکھ روپے بہت ہی کم رقم ہے میونسپل کارپوریشن کے حدود میں مسائل کے انبار ہیں یہی رقم ایک ہی اجتماعی نوعیت کے منصوبے پر خرچ کی جائے تاکہ شہر کی بہتری ہو سردار رفیق بھٹی نے پھل اور سبزی فروش ٹھیلوں کو مین کوئٹہ روڈ سے پریس کلب روڈ منتقل کرنے کی تجویز کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ مین شاہراہ کے دونوں اطراف فٹ پاتھ تعمیر کرکے ٹھیلوں کو فٹ پاتھ پر منتقل کیا جائے، اجلاس سے میئر میونسپل کارپوریشن میر اسفندیار خان جمالی نے خطاب کرتے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اس کی تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے،
تمام ممبران باہمی تعلق داری اور احترام کے رشتے کو تقویت دیتے ہوئے ایک دوسرے کا بازو بن کر کام کریں تاکہ شہر کی ترقی ممکن ہوسکے، انہوں نے بجٹ منظوری پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بجٹ کو بندر بانٹ نہیں کرنے دینگے تمام وارڈز میں یکساں طور پر ترقیاتی اسکیمات شروع کیے جائیں گے۔