بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے،ڈپٹی چیئرمین سینٹ

اسلام آباد(ڈیلی گر ین گوادر) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نا صر سے صوبائی وزیر تعلیم صوبہ بلوچستان راحیلہ درانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے مسائل اور خاص طور پر تعلیم کے شعبے کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اس صوبے کے مسائل کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے گا۔ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی جانب گامزن کیاجائے۔ صوبے کے مسائل کے حل کے حوالے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے معاملات کو بہتر بنایا جائے گا اور صوبے کو درپیش مسائل خصوصا ً شعبہ تعلیم اور صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے کر بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم راحیلہ درانی ایک قابل اور باصلاحیت خاتون ہیں امید ہے کہ وہ صوبائی شعبہ تعلیم میں بہتری لائیں گی اور صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم اور قابل طالبعلموں کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں اعلیٰ تعلیمی ادارے تعلیمی وظائف میں اضافہ کریں تاکہ غریب لوگوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ راحیلہ درانی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ایوان بالاء کا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیدال خان کا انتخاب صوبے کے لئے خوش قسمتی ثابت ہوگا۔سیدال خان صوبہ بلوچستان کا فخر ہیں۔ صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالاء میں ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے جو ملک بھر کی غریب عوام کے لئے خوشحالی کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں تعلیم، صحت اور یوتھ اور خواتین کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری وزارت تعلیم صالح ناصر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے بلوچستان سے تعلق رکھنے کے والے انٹلیکچول فورم کے نمائندہ نے بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی تعمیر نو کے لئے وہ ہر وقت تیار ہیں اور بلوچستان کے بڑے مسائل جن میں پینے کے صاف پانی، معیاری تعلیم، ڈیمز کی تعمیرات، بہتر پیداوار کے لئے کسانوں کے لئے سہولیات وغیرہ شامل ہیں ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں کہ صوبہ بلوچستان دیگر صوبوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے