بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کا پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز نے سخت حکومتی پالیسی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن کے رہنماوٴں نے کہا کہ گزشتہ 12 روز سے احتجاج کررہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔
رہنما سعید لہڑی نے کہا کہ نوشکی واقعہ کے بعد ٹرانسپورٹز کو سخت ایس او پیش جاری کیے گئے ہیں، کوئٹہ ٹو تفتان اور کوئٹہ ٹو مکران روٹس پر شام پانچ بجے سے صبح 6 بجے تک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کی گئی ہے، تفتان سے کوئٹہ گھریلو اشیاء لانے پر بھی ٹرانسپورٹرز کو تنگ کیا جاتا ہے، کوئٹہ سے گوادر تک کئی بھی پاکستانی پیٹرول دستیاب نہیں ہے۔
سعید لہڑی نے کہا کہ پُرامن احتجاج کررہے ہیں مگر کوئی نوٹس نہیں لے رہا، پُرامن احتجاج کے بعد اب پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں، پہیہ جام ہڑتال کے باعث کسی بھی نقصان کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔