کمبوڈیا،فوجی اڈے میں دھماکا،20 فوجی ہلاک
کمبوڈیا (ڈیلی گرین گوادر)کمبوڈیا کے ایک فوجی اڈے پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں میں 20 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ہن مانیٹ نے کہا کہ انہیں ملک کے جنوبی صوبے کمپونگ سپیو میں ہفتے کو ہونے والے دھماکے سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔تاہم دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔وزیر اعظم نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ مرنے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ زخمی فوجیوں کو معاوضہ ادا کرے۔
ایک بیان میں وزیر اعظم ہن مانیٹ نے کہا کہ وہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔سوشل میڈیا پر موجود غیر تصدیق شدہ فوٹیج میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں، دیگر تصاویر میں ایک تباہ شدہ گودام، ایک تباہ شدہ فوجی ٹرک اور طبی عملے کے زیر علاج بچے کو دکھایا گیا ہے۔کمبوڈیا کی فوج نے بتایا کہ دھماکے نے ہتھیاروں سے بھرا ہوا ٹرک تباہ کر دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکے سے ایک دفتر کی عمارت کے ساتھ ساتھ قریبی بیرکوں کو بھی نقصان پہنچا جس سے قریبی 25 گھر متاثر ہوگئے۔ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 20 ہزار ڈالر جبکہ زخمی فوجیوں کو 5 ہزار ڈالر ملیں گے۔یاد رہے کہ 2005 میں بٹمبنگ کے قریب ایک فوجی اسلحہ ڈپو میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ کمبوڈین ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔