منفی پروپیگنڈا ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتا،آرمی چیف

روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، منفی پروپیگنڈا ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتا، معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گرین پاکستان انیشی ایٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ملکر ٹیم پاکستان ہیں، انشاء اللّٰہ عوام کے تعاون اور سپورٹ سے، پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔آرمی چیف نے زور دیا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرالز ہماری توجہ پاکستان اور اُس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔پاک فوج کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ آئیے، ہم سب مل کر منفی قوتوں کو ردّ کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے