بلوچستان میں بھی انفارمیشن کمیشن کی تشکیل کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں،سیکرٹری اطلاعات

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی صحت مند، علمی اور مہذب معاشروں کے لیے اہم ہے، معلومات تک رسائی کے ذریعے شفافیت اور گورننس میں بہتری لائی جاسکتی ہے، ہر شہری کو معلومات حاصل کرنے کا حق حاصل ہے اور یہ جمہوریت کا حسن بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات نے نیشنل انڈومنٹ فار ڈیموکریسی کے زیر اہتمام بلوچستان میں معلومات تک رسائی کے قانون کے نفاذ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئےکیا، اجلاس میں ڈی جی پی آر بلوچستان محمد نور کھیتران، ڈائریکٹرز تعلقات عامہ سید تنویر اختر، سعید احمد شاہوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سید جعفر شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تیمور خان کاکڑ، منظور احمد مگسی، عبدالباری مندوخیل کے علاوہ این ای ڈی کے کوآرڈینٹر عادل جہانگیر، بہرام بلوچ، بہرام لہڑی اور مس اجالا نے شرکت کی۔ سیکریٹری اطلاعات نے این ای ڈی کی رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے نفاذ اور اس پر ایڈوکیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی کے قوانین کا مکمل نفاذ عوام کی بھلائی، پائیدار ترقی اور مضبوط اداروں کی تعمیر میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، بلوچستان میں 2021 میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ نافذ کیا گیا ہے، وفاق اور دیگر صوبوں میں انفارمیشن کمیشن تشکیل دیئے گئے ہیں، بلوچستان میں بھی انفارمیشن کمیشن کی تشکیل کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، موجودہ حکومت چیف انفارمیشن کمشنر اور انفارمیشن کمشنرز کی تقرری بہت جلد عمل میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ سے متعلق ضروری معلومات و آگاہی فراہم کرنے کے لئے ڈی جی پی آر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کیا جائے گا اور اس حوالے سے سروے بھی کرایا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات اور نظامت تعلقات عامہ نے آر ٹی آئی کے نفاذ کے لئے بھر پور اقدامات کئے ہیں، اس حوالے سے دیگر صوبوں میں قائم انفارمیشن کمیشن بھی مربوط روابط قائم کرنے کے ضرورت ہے۔ اس قبل نیشنل انڈومنٹ فار ڈیموکریسی کے نمائندے عادل جہانگیر، بہرام لہڑی اور بہرام بلوچ نے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے حوالے سے ایڈوکیسی، سرکاری محکموں اور انفارمیشن کمیشن سے روابط سمیت آیندہ کے لائحہ عمل سے متعلق شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے