کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر مل کر حل کریں گے،وزیراعظم
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر مل بیٹھ کر حل کریں گے۔ شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری بھی دی۔وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سندھ اور وفاق کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی، جب کہ وزیراعظم نے مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔اس سے قبل کراچی پہنچنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے اور وہاں موجود طلبہ سے حلف لیا۔شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر مزار قائد پہنچے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم تاجر برادری سے بھی ملیں گے، تاجر اور صنعتکاروں نے مسائل کی فہرست تیار کرلی ہے۔ ٹیکس، بجلی کی قیمتوں، امن وامان، اسٹریٹ کرائمز اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری سے متعلق بات چیت ہوگی۔دورہ کراچی کے باعث وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس مؤخر کردیا گیا۔