وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور مہمانوں کے کتاب میں تاثرات درج کیے۔ اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزارِ قائد پر حلف لیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی خدمت کرنے اور ملک خداداد کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق لڑکے اور لڑکیوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا کراچی کا پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم کاروباری برادری اور کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات بھی کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف کاروباری برادری سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تجاویز لیں گے، اس دورے میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔وزیراعظم سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔