معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو ۔اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے،پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آ رہی ہے،ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سر اسٹیو اسمتھ کر رہے تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، پاکستان میں برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو، اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ پنجاب میں ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا تھا، اسی قسم کے اقدامات وفاق میں بھی اٹھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آر ہی ہے۔انہوں نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور برطانیہ کی جامعات کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چاہیے، برطانیہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستانی اور برطانوی جامعات ریسی پروکل بنیادوں پر ڈگری پروگرامز شروع کر چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اس کا معیار بہتر بنانے کے لیے برطانیہ کے ایجوکیشن سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔وفد نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اشتراک اور تعاون کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے