معیاری تعلیمی نظام و میرٹ کی سختی سے پابندی کامیاب اداروں کی پہچان ہے،وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی

گوادر (ڈیلی گرین گوادر)جامعہ گوادر کی چوتھی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر جامعہ کے میٹنگ روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جامعہ گوادر کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، ڈائریکٹر فنانس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد میڈم ثمینہ درانی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس حکومت بلوچستان یاسر حسین، رجسٹرار دولت خان، ڈائریکٹر فنانس شفیع محمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جان محمد، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر کمبر فاروق، لیکچرار مجاہد حسین اور سعدیہ نصیر شریک تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ان کا ادارہ خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے عوامی فنڈز کا شفاف استعمال اور مالیاتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو انتہائی ضروری سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور بہتر منصوبہ بندی، بہتر مالیاتی نظم و ضبط، قانونی اداروں کے اجلاسوں کا تواتر سے انعقاد، معیاری تعلیمی نظام اور میرٹ کی سختی سے پابندی کامیاب اداروں کی پہچان ہے۔ اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی تیسری میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کے علاوہ، مالی سال 2022-23 کے لیے اصل اخراجات اور 2023-24 کے نظرثانی تخمینے کی ممبران کی جانب سے تجاویز کے ساتھ منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے پہلے مرحلے کی تعمیرات، اساتذہ کی ایم ایس الاونسز میں اضافہ کی سفارش کے علاوہ ٹیچنگ فیلوز اور وزٹنگ ٹیچنگ اسٹاف کے معاوضوں میں بھی کچھ اضافہ کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ یونیورسٹی کی اہم مالی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مزید غور و خوض اور منظوری کے لیے سنڈیکیٹ اور سینیٹ میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے معزز اراکین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے مفاد اور استحکام کو ترجیح دیتے ہوئے ادارے کے اہم تعلیمی اور انتظامی معاملات کو یونیورسٹی کے آئینی اداروں کے فیصلوں کے مطابق حل کیا جا رہا ہے جس سے مستقبل قریب میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل مین پاور کے ذریعے گوادر اور سی پیک سے متعلق منصوبوں سے خطے میں مزید ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکاء کی فعال شرکت اور گوادر یونیورسٹی کی ترقی کے لیے قیمتی تجاویز اور آراء دینے پر معزز ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے معزز ممبران کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے