حافظ حمد اللہ کا مولانا فضل الرحمان کو منانے کا بیان مسترد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما حافظ حمد اللہ نے راناثنا اللہ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو منانے کا بیان مسترد کردیا۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمشیہ مفاہمت کی سیاست کی لیکن مفاہمت کی بھی ایک حد ہوتی ہے، بات اب منانے سے بہت آگے نکل چکی ہے۔ کوئی بتائے آخر مولانا کو کس مقصد کیلئے منایا جائیگا، اقتدارکیلئے؟ ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں اور نہ ہی ہم اقتدار کے بھوکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری شرافت اور مفاہمت سے جو فائدہ اٹھانا تھا، اٹھا لیا، اب ہمیں کوئی بھی دھوکا نہیں دے سکتا، 8فروری کو ایک ڈراما رچایا گیا۔حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ 8فروری کے انتخابات میں ایسی دھاندلی کی گئی جوتاریخ میں نہیں ہوئی، کہتے تھے صاف شفاف الیکشن ہوں گے لیکن نہ ہوئے، یہ عوام کی منتخب اور جمہوری حکومت نہیں ہے۔