ملک میں ضمنی انتخابات کےلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) ملک میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی۔ الیکشن والے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
گورنمنٹ پرائمری اسکول نظام پورہ اور پولنگ اسٹیشن نمبر 33 کوٹ ناجو سمیت کئی پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی کارکنوں میں جھگڑا اور تصادم بھی ہوا۔بعض جگہ فائرنگ کے باعث پولنگ کا عمل روکا گیا تاہم پولیس نفری کے ذریعے صورتحال پر قابو پانے کے بعد پولنگ بحال کردی گئی۔
پی پی 54 نارووال کے گاؤں کوٹ ناجو میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے دوران مسلم لیگ ن کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔ مخالفین نے جھگڑے کے دوران سر میں ڈنڈا مار دیا تھا جس سے بزرگ شدید زخمی ہوگئے۔ 60 سالہ محمد یوسف کو ہسپتال لایا گیا تھا لیکن ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ جاں کی بازی ہار گئے۔