پاکستان رینجرز، پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں کارروائیاں، 9 ملزمان گرفتار
سندھ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان رینجرز اور پولیس نے اندرون سندھ میں کچے کے علاقے میں مختلف کاروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کی گئی، پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد کاروائیاں کی۔کارروائی ضلع کشمور کے علاقوں گوٹھ غوث بخش بنگواڑ اور جاڑو خان بنگواڑ میں کی گئی۔22 مارچ کو سندھ رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کندھ کوٹ کی تحصیل تنگوانی کے گاؤں سیفل لارو میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 21 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا ۔
16 اپریل سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا تھا کہ پولیس کی جانب سے ڈکیت کے خلاف آپریشن تمام گینگز اور ان کے ارکان کے خاتمے اور بالائی سندھ کے اضلاع میں مکمل امن بحال ہونے تک جاری رہے گا۔ کندھ کوٹ کے دریائی علاقوں سے کام کرنے والے گروہوں کو جدید ترین اور دیگر اسلحہ فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کندھ کوٹ، کشمور، شکارپور اور گھوٹکی اضلاع کے دریائی علاقوں میں پولیس-رینجرز کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، اور اس سلسلے میں اختیار کی گئی حکمت عملی کے مطلوبہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اس آپریشن کے بعد اغوا برائے تاوان کی کوئی خبر سنائی نہیں دے گی۔