گوادر میں اربن فلڈنگ ہے،جی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ پانی کی نکاسی میں مصروف ہے،پی ڈی ایم اے بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پی ڈی ایم اے بلوچستان کنٹرول روم کے انچارج یونس عزیز نے کہاہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع بارشوں کی لپیٹ میں ہیں . تمام اضلاع کی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ کردیا گیا تھا ۔گوادر میں اربن فلڈنگ ہے، جی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ پانی کی نکاسی میں مصروف ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے داخل ہونے والے سیلابی ریلوں کے بعد نوشکی کے بور نالے میں طغیانی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے دو یونین کونسلوں میں سیلابی صورتحال ہے ۔ پی ڈی ایم اے عہدے دار کے مطابق 12 سے 14 اپریل تک بلوچستان میں بارشوں کے پہلے سلسلے کے دوران مکانات منہدم ہونے اور آسمانی بجلی گرنے سے نو افراد ہلاک ہوئے۔ تاہم 16 اپریل سے شروع ہونے والے بارشوں کے نئے سلسلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اب تک اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔