چاغی میں طوفانی بارشوں سے حفاظتی بند ٹوٹ گئے
چاغی (ڈیلی گرین گوادر) چاغی میں گزشتہ رات سے ہونے والی طوفانی بارشوں سے حفاظتی بند ٹوٹ گئے، حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی بھی آگئی، کئی نشیبی علاقے زیر آب بھی آگئے۔چاغی میں شدید بارشوں سے متعددمکانات منہدم ہوگئے، مختلف تیار فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
اس کے علاوہ بولان میں بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد پہاڑی سلسلے میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، مسلسل بارشوں کے بعد بولان ندی سے درمیانے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے، پنجرہ پل کے قریب قومی شاہراہ پر سیلابی پانی گزرنے سے ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے، بھاگ شہر کے قریب سیلابی پانی سے پل کا حصہ پانی کی نذر ہوگیا، زمینی رابطہ بھی منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔سیلابی ریلہ اس وقت جلال خان پل سےگزر رہا ہے، سیلاب سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی سے تباہ ہوگئی ہیں۔