کوئٹہ شہرکے گردونواح میں واقع تمام ڈیمز محفوظ ہیں انہیں کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ نہیں،محکمہ ایری گیشن
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ شہرکے گردونواح میں واقع تمام ڈیمز محفوظ ہیں انہیں کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے اسوقت ڈیمز میں 10ہزارایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوچکا ہے،شہری کسی بھی خطرے کے پیش نظر پانی میں جانے سے گریز کریں محکمہ ایری گیشن ڈیمز کی مسلسل نگرانی کر رہاہے۔محکمہ ایری گیشن کے حکام کے مطابق کوئٹہ شہر کے گردونواح میں واقع ڈیمز اسوقت مکمل محفوظ ہیں اورانہیں حالیہ بارشوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے کوئٹہ شہر کے نواح میں واقع ڈیمز میں 25ہزارایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجودہے جبکہ اسوقت10ہزارایکڑفٹ سے زائد پانی ذخیرہ کیاجاچکاہے۔ حکام نے بتایا کہ کچھ لوگ اگست2022ء میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی پانی کی تصاویر شیئر کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پیداکرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں شہری خوفزدہ نہ ہوں کسی بھی ڈیم کو کوئی خطرہ نہیں ہے ہے۔ حکام نے بتایاکہ گزشتہ رات افواہ پھیلائی گئی کہ کرخسہ ڈیم پانی سے بھر گیا ہے اورکسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے جس کے بعد کمشنرکوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات،ڈپٹی کمشنرسعدابن اسداورایری گیشن حکام نے کرخسہ ڈیم کادورہ کیاانہیں بتایا گیا کہ ڈیم میں ساڑھے 8سوایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جبکہ اسوقت تک ڈیم میں 300ایکڑفٹ تک پانی ذخیرہ ہوا ہے ڈیم میں 55فٹ تک پانی ذخیرہ کیاجاسکتا ہے اسوقت پانی 20فٹ تک ذخیرہ ہوا ہے حکام نے بتایا کہ ولی تنگی ڈ یم میں 380ایکڑفٹ گنجائش ہیے جو مکمل بھرچکاہے،سپن کاریز ڈیم میں 2500ایکڑفٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جس میں 1200ایکڑفٹ ذخیرہ ہوچکاہے کچھ ڈیم میں 650ایکڑفٹ پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے جو مکمل بھرچکاہے جس کے بعدسپل وے کے ذریعے پانی سرہ غڑگئی ڈیم میں جارہاہے اسی طرح سرہ غڑگئی ڈیم میں 450فٹ ایکڑ ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جس میں 250فٹ پانی جمع ہواہے جبکہ اغبرگ میں واقعہ ڈیمز میں دو،دو ہزار ایکڑفٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جن میں سے ایک ڈیم مکمل بھرچکاہے جبکہ ایک ڈیم میں 1000فٹ ایکڑ جبکہ دوسرے میں 800فٹ ایکڑ پانی جمع ہوچکاہے۔ایری گیشن حکام کا کہناہے کہ ڈیمز میں پانی کی گہرائی زیادہ ہے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ڈیمزمیں پانی سے جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچاجاسکے جبکہ حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ مزیدبارشوں کے خطرے کے پیش نظرشہری ندی نالوں میں جانے اور ندی نالوں میں تجاوزات سے گریز کریں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہاجاسکے۔ ایری گیشن حکام کے مطابق حالیہ بارشوں سے ڈیمز میں بڑے پیمانے پرپانی ذخیرہ ہونے سے زیرزمین پانی کی سطح بلند ہوگی جبکہ مزیدبارشوں کی صورت میں ڈیمزمیں مزید پانی بھی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔حکام نے بتایاکہ فلڈایری گیشن اسکیم سرپھول ہنہ کے ذریعے آنے والے سیلابی پانی کا رخ گزشتہ رات ایک بجے ہنہ جھیل کی طرف موڑ دیا گیا تھا پیر کی شام چار بجے تک سیلابی پانی ہنہ جھیل میں مسلسل داخل ہورہا ہے جس سے ہنہ جھیل کی سطح بھی بلند ہورہی ہے۔