ملک میں دانش سکولز کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے،خالد مقبول صدیقی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں دانش سکول کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکول وزیراعظم شہبازشریف کا خواب ہے، ملک میں دانش سکول کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے، آج خاص طور پر گلگت بلستان اور آزاد کشمیر سے طلبا و طالبات آئے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پہلے پنجاب میں دانش سکول بنائے تھے، دانش کو تعلیم سے کشید کرنا پڑتا ہے، پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے، وزیراعظم تعلیمی ایمرجنسی لگائیں، یہ تمام چیلنجز کا حل دے سکتی ہے ۔
ان کاکہنا تھاکہ ہم دنیا میں ہی نہیں خطے میں بھی پیچھے رہ گئے ہیں، ہم نے فاصلہ بہت طے کرنا ہے لیکن مدت کم ہے ہم نے گزشتہ 30سالوں میں 5سے 7اہم مواقع ضائع کیے ہیں، ہم نے 4سال قبل فن لینڈ سے معاہدہ کیا تھا، پاکستان کو 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تعلیم سے آراستہ کرنا تھا، اس معاہدے کو دوبارہ سے شروع کیا جائے۔