مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا
پشاور(ڈیلی گرین گوادر)شوال کا چاند دیکھنے کے لئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت مسجد قاسم علی خان میں ہو گا۔خیبرپختونخوا میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے سرکاری زونل کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں ہوگا جبکہ غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے۔
غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں طلب کیا گیا ہے۔دوسری جانب عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا جس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی۔
اجلاس میں کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو چکی ہے اور اس روز چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو گی۔
غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا اور اس دن مطلع صاف ہونے کے پیش نظر 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور اس طرح عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔