عدت کیس میں عمران اور بشری کی سزا معطلی، پراسیکیوٹر پھر غائب

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلوں کی سماعت میں شکایت کنندہ کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ وکیل عثمان گل نے کہا کہ راجا رضوان عباسی آج نہیں آئے اور آئندہ ایک ہفتہ تک بھی نہیں آئیں گے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہورہی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند، اپیلوں پر سماعت کر رہے ہیں۔شکایت کنندہ کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت پیش نہ ہوئے۔معاون رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ سینئر کونسل کی طبیعت خراب ہے آج پیش نہیں ہوسکتے، سینئر کونسل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کی جائے۔

وکیل نے کہا کہ سینئر کونسل سلمان اکرم راجہ اور عثمان گل راستے میں ہیں۔جس کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلاء کی آمد تک سماعت میں وقفہ کیا گیا۔وقفے کے بعد عثمان گل عدالت پہنچے اور کہا کہ اگر پراسیکیوشن آجائے میں سزا معطلی کی استدعا کروں گا، سائفر کیس میں سرکاری پراسیکیورٹر تعینات کرکے سزاسنا دی گئی، راجا رضوان عباسی آج نہیں آئے اور آئندہ ایک ہفتہ تک بھی نہیں آئیں گے۔

عثمان گل ایڈووکیٹ نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دیتے ہوئے ہوئے کہا کہ ان کیسز میں سماعت رات گئے تک ہوتی ہیں، ٹرائل کورٹ نے ایمرجنسی میں سماعت کی، بیانات بھی مکمل نہ تھے، ملزمان کے بیانات کا پراسس بھی مکمل نہ کیا گیا، اعلی عدالتوں نے عدالتی اوقات کار کے دوران سماعتوں سے متعلق فیصلے دیے۔جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ، دیر تک سماعتوں سے متعلق بھی کوئی فیصلہ موجود ہے کیا ؟وکیل عثمان گل نے کہا کہ نہیں، ایسا کسی عدالت کا کوئی فیصلہ موجود نہیں، ٹرائل کورٹ نے صبح، شام اور رات گئے تک سماعتیں کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے