جمعیت علماء اسلام نے نواب اسلم رئیسانی کو پارلیمانی لیڈر اورمیر یونس عزیز زہری کواپوزیشن لیڈر نامزد کردیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام نے سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان و رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم خان رئیسانی کو بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور رکن صوبائی اسمبلی میر یونس عزیز زہری کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا۔اتوار کو جمعیت علماء اسلام کے صوبائی مجلس عاملہ و پارلیمانی اراکین کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت صوبائی امیر و سینیٹر حضرت مولانا عبد الواسع مدظلہ منعقد ہوا اجلاس میں قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمان حفظہ اللہ کے دورہ بلوچستان کو تاریخ ساز اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اسے بلوچستان اور پشین کے لئے اعزاز کہا گیا۔چونکہ یہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف آخری معرکہ اور ملک گیر تحریک کا آغاز اس شہر سے کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں 20 اپریل بروز ہفتہ پشین بازار تاج لالا اسٹیڈیم میں تاریخی عوامی اسمبلی کے موضوع سے جلسہ عام منعقد ہوگا اور قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمان کو پشین ایک فقید المثال جلوس کی صورت میں کوئٹہ سے روانہ کیاجائیگا جس میں صوبہ بھر کے کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی مجلس عاملہ اور ضلع پشین کا نمائندہ اجلاس مورخہ 15 اپریل صبح دس بجے بمقام پشین جامعہ امام ابو حنیفہ میں ہوگا، 20 اپریل کے جلسے اورجلوس کے لئے ضلع کوئٹہ 200 سالار، خضدار 200 سالار، قلعہ عبداللہ 200 سالار، اور باقی اضلاع 100/100 سالار، 19 اپریل تک تیار کر کے روانہ کریں جبکہ تمام ضلعی سالار 19 اپریل ضلع پشین کے دفتر پہنچ جائیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع اس تاریخی عوامی اسمبلی کے لئے بھر پور تیاریوں کا سلسلہ شروع کریں،مرکزی جماعت کے فیصلہ کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں نواب محمد اسلم خان رئیسانی کو پارلیمانی لیڈر اور میر یونس عزیز زہری کواپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا گیا۔